وہاڑی:رمضان المبارک کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل

23 مارچ ، 2023

وہاڑی ( نمائندہ جنگ)ڈی پی او وہاڑی محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ رواداری، بھائی چارے کا درس اور صبر کی تلقین کرتا ہے۔ یہ مہینہ بابرکت ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے حساس بھی ہے ۔اس لئے عوام کی جان ومال کے تحفظ کے انتظامات گزشتہ برس سے بھی بڑھ کر کئے گئے ہیں، جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگ کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے،رمضان المبارک میں فول پروف سکیورٹی کے لئے مربوط پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ضلع وہاڑی کی 496 مساجد میں نماز فجر سے لے کر نماز تراویح تک سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ضلع بھر میں رمضان المبارک میں سحر وافطار، تراویح،اہم مارکیٹوں اور کاروباری علاقوں کی سکیورٹی کے لئے پکٹ ڈیوٹی،موبائل گشت،مساجد و امام بارگاہوں کی پوائنٹ ڈیوٹی،پیدل گشت اور ویجیلنس کے لئے ضلع بھر میں 693پولیس افسران وملازمین اور 515 والنٹیرز ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔جن میں 7 ڈی ایس پیز، 10 انسپکٹر، 29 سب انسپکٹر، 38اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور607 ہیڈ کانسٹیبلان / کانسٹیبلان شامل ہیں،اس کے علاوہ پولیس لائنز میں ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جوکہ 3 شفٹوں میں 24گھنٹے رمضان المبارک کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کرے گا۔