رمضان کا چاند نظر آگیا، رات تاخیر سے اعلان، ملک بھر میں آج پہلا روزہ

23 مارچ ، 2023

پشاور(نمائندہ جنگ)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رات تقریباسوا دس بجے ملک بھر میں چاند نظر آنے کا اعلان کیان،بہاولپور، رحیم یار خان، صوابی، مردان اور قلعہ سیف اللہ سے ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی شرعی شہادتیں موصول ہونے پر آج 23 مارچ بروز جمعرات ملک بھر میں یکم رمضان المبارک کا اعلان کردیا ہے ،بہاولپور، رحیم یار خان ، صوابی ،مردان اور قلعہ سیف اللہ سے ماہ صیام کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں،پشاور کی مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ۔رات دیر سے اعلان کے باعث مساجد سے اعلان کرکے شہریوں کو تراویح کیلئے بلایا گیا،بڑی تعداد میں شہری سوچکے تھے،جس کے باعث شہریوں کی تراویح چھوٹ بھی گئی،شہریوں نے کمیٹی پر اظہار ناراضی کیا ،رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اوقاف ہال پشاور میں منعقد ہوا جس میں مولانا حافظ عبدالغفور، مفتی فیصل احمد، مولانا یاسین ظفر ، مفتی یوسف کاشمیری اور پیر شاہد اللہ گیلانی سمیت جید علمائے کرام نے شرکت کی ،شام 6 بجے شروع ہونے والا اجلاس رات سوا دس بجے تک جاری رہا، اس دوران پشاور میں مطلع ابر آلود رہا بلکہ مغرب کے بعد بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوا جس کے باعث پشاور سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی البتہ رحیم یار خان، بہاولپور،صوابی، مردان اور قلعہ سیف اللہ سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی متعدد شہادتیں موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے آج بروز جمعرات 23مارچ کو ملک بھر میں یکم رمضان کا اعلان کیا ۔