گوتم اڈانی کو گزشتہ ایک سال میں ہفتہ وار 3؍ ارب ڈالرز کا نقصان ہوا

23 مارچ ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کے امیر ترین شخص اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بھارتی صنعت کار گوتم اڈانی کو گزشتہ 12؍ ماہ کے دوران ہفتہ وار 3؍ ہزار کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 3؍ ارب 63؍ کروڑ ڈالرز سے زائد) کا نقصان ہوا اور اس سے ان کی مجموعی دولت کم ہو کر 53؍ ارب ڈالرز تک رہی گئی۔ بھارتی آن لائن اخبار بزنس ٹوڈے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تہلکہ خیز ہنڈن برگ رپورٹ سامنے آنے کے بعد گوتم اڈانی اور ان کے ریلائنس گروپ کو تمام اطراف سے مشکلات کا سامنا ہے۔ اس زبردست نقصان کی وجہ سے وہ دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں 23ویں نمبر پر آ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ میں اڈانی گروپ پر اسٹاک میں ہیرا پھیری اور ٹیکس بچانے والے ممالک میں اثاثہ جات رکھنے کے غلط طریقہ کار کمپنی میں قرضہ جات کی سطح کے حوالے سے غلط بیانی کے بعد سے اڈانی گروپ کو شدید مالی نقصانات کا سامنا ہے اور گروپ کی مختلف کمپنیوں کو شیئرز کی مد میں 130؍ ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ گوتم اڈانی نے ہنڈن برگ رپورٹ کے الزامات کی تردید کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوتم اڈانی اور خاندان کی دولت میں 35 فیصد کمی کے بعد اڈانی گروپ نے ایشیا کے امیر ترین ہونے کا اعزاز کھو دیا ہے جس کی جگہ اب وائے ایس ٹی کے ژونگ شانشن نے لے لی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نجی اثاثہ جات کی مد میں اڈانی کو 28 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور اب ان کے پاس صرف 53 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔