المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انڑنیشنل پاکستان آزاد کشمیرو دیگر ممالک میں انسانیت کی خدمت کر رہاہے، عبدالرزاق ساجد

23 مارچ ، 2023

لندن (وجاہت علی خان) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انڑنیشنل پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت 22دیگر ممالک میں انسانی خدمت کے مختلف پراجیکٹ کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے ادارے کے زیر اہتمام لندن میں فنڈ ریزنگ کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مہمان خصوصی اُردن کے برطانیہ میں سفیر منار دباس تھے۔ہاشمی فنڈ فار دی ریسٹوریشن آف الاقصی مسجد اینڈ دی ڈوم آف دی راک” کے ڈائریکٹر ڈاکٹر واصفی گیلانی نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ا س موقع پر عبد الرزاق ساجد نے کہا “المصطفٰی ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت لاہور میں قائم ’’آئی ہسپتال‘‘ میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ 73ہزار آپریشن کئے جا چکے ہیں اور آئندہ چند مہینے میں دو لاکھ آپریشنز کا ہدف پورا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا دنیا بھر میں 40 ملین افراد نابینا جب کہ 250ملین افراد کو آنکھوں کے مسائل ہیں، ایسے افراد کی سب سے زیادہ تعداد پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں میں آئی کیمپ لگائے جائیں تا کہ غریب اور مستحق افراد کو علاج کی مفت سہولت مہیا کی جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینجگ ڈائریکٹر المصطفیٰ ٹرسٹ صدف جاوید نے کہا گزشتہ سال ہمارے ادارے نے مسجد اقصیٰ میں قرآن کلاسز کا معاہدہ کیا ہے جس میں قرآن پڑھنے اور پڑھانے والوں کی مالی امداد بھی کی جائے گی اور ایسے ضرورت مند فلسطینی مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی جو محتاج و نادار ہیں، انہوں نے کہا یہ معاہدہ ’’المصطفیٰ ویلفئر ٹرسٹ‘‘ اور اُردن کی شاہی فیملی کے ’’ہاشمی ٹرسٹ‘‘ کے مابین ہوا ہے۔ ڈاکٹر واصفی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ ٹرسٹ اور اُردن کےہاشمی ٹرسٹ کے معاہدہ سے فلسطین کے مستحق مسلمانوں کی مدد ہو سکے گی۔ ہونسلو جامع مسجد کے جنرل سیکرٹری شفیق رحمٰن، سی ای او چینل ’’ایس‘‘ اور ’’بنگلہ پوسٹ‘‘ تاز چوہدری نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹرسٹ کی ریلیف ایفرٹس کو سراہا۔