وزیر اعلیٰ پنجاب کا عمران کے الزامات پر تحقیقا تی کمیشن بنانے کا فیصلہ

23 مارچ ، 2023

لاہور،گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی، نمائندہ جنگ) پنجاب کی نگران حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنے قتل کے منصوبے سے متعلق بیان پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان نے بدھ کو ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، عمران خان کے الزامات کی مکمل انکوائری کے بعد ہر صورت سخت ایکشن لیا جائے گا۔قبل ازیں حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مفت آ ٹا سکیم میں بدنظمی ختم کرانے کیلئے پوائنٹس کا دورہ کیا،خواتین کو کاونٹر پر لے جاکرخود تھیلے دلوائے ۔ وزیراعلیٰ نے رات گئے وحدت روڈ اورٹمپل روڈ پر مفت آٹے کے سیل پوائنٹس کے دور ے کئے ،مزنگ اڈہ پر یوٹیلٹی سٹور کا بھی وزٹ کیا۔وحدت روڈ کے سیل پوائنٹ کے باہر موجود خواتین کو تصدیقی کاؤنٹر پر لے کر آئے اور تمام پراسیس اپنے سامنے مکمل کرایا اور اپنی نگرانی میں خواتین کو آٹا دلوایا جس پر خواتین نے دعائیں دیں۔ شہریوں نے موبائل پر اہلیت کا پیغام موصول ہونے کے باوجود شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی نگرانی میں شناختی کارڈز سکین کر ائے اور عملے کو پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یوٹیلٹی سٹور پر بھی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے گلشن راوی میں اینٹ لگا کر ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاورکے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مسلمانوں کوماہ رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتےہوئے کہا ہے کہ یہ مہینہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے مواقع سے بھرا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی اورآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا بغیر پروٹوکول اچانک گوجرانوالہ کا دورہ ،رات کو لگنے والے مفت آٹے کے دونوں سنٹرز کا دورہ کیا ۔ شہریوں سے بات چیت کی، آٹے کی فوری فراہمی اور بہتر انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو شاباش دی۔