FIAنے محمد خان بھٹی کو گرفتار کر لیا عدالت نے 3دن کاریمانڈ بھی دیدیا

23 مارچ ، 2023

لاہور(نیوز رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن کے بعد ایف آئی نے گرفتار کر لیا ، ایف آئی اے میں ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے۔ اینٹی کرپشن عدالت سے محمد خان بھٹی کی ضمانت منظور ہونے کے بعد ایف آئی اے نے انہیں جیل سے رہائی پرگرفتارکیا۔ عدالت نے 3 روزہ ریمانڈپر محمدخان بھٹی کو ایف آئی اے کے حوالےکردیا ،اور انہیں 25 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔قبل ازیں اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا نے محمد خان بھٹی ودیگران کی 5 اپریل تک ضمانت منظور کی ، عدالت نے ملزم کو 5،5 لاکھ کے دو مچلکے جمع کروانے اوراینٹی کرپشن حکام کو تفتیشی رپورٹ مکمل کر کے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا، پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم پر مجموعی طور پر80 کروڑ کی کرپشن کا الزام ہے،شریک ملزمان پر محمد خان بھٹی کو رشوت دے کر مرضی کے عہدوں پر تعیناتی کروانے کا الزام ہے، ملزمان پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کروڑوں روپے کمیشن لینے کا بھی الزام ہے، ملزم کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ پراسیکیوشن کی کہانی صرف مفروضوں اور باتوں پر مبنی ہے۔