زلزلے کے بعد آرمی چیف کی ہدایات پر تمام متعلقہ یونٹس امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایات پر تمام متعلقہ یونٹس امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 12 گھنٹے گزرنے کے بعد ابھی تک زلزلے سے کسی بھاری نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متفرق عمارات کی دیواروں میں دراڑوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔ آرمی چیف کی ہدایات میں کسی بھی علاقے میں نقصان کی اطلاع پر سول انتظامیہ کی معاونت کو یقینی بنانا اور فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جانا شامل ہے تاکہ بروقت کارروائی کرکے قیمتی جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ آرمی اور ایف سی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تیارہیں۔