جشن نوروز کی تقریبات روایتی جوش و خروش سے منائی گئیں،عبدالخالق ہزارہ

24 مارچ ، 2023

کوئٹہ (آن لائن)کوئٹہ میں جشن نوروز کی پروقار اور رنگا رنگ ثقافتی تقریبات روایتی جوش و خروش سے منائیں گئیں صوبائی محکمہ کھیل و ثقافت اور امور نوجوانان کے تعاون سے کیبلاغ آزرگی اکیڈمی نے ان تقاریب کے لئے بہترین انتظامات کئے جس میں عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ثقافتی و تعلیمی اسٹالز سمیت مختلف کیٹیگریز پر مشتمل میلے میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا جشن نوروز کی ان تقاریب کے پہلے سیشن کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کیا اس موقع پر ایچ ڈی پی کے سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد، کیبلاغ آزرگی کے چیئرمین علی تورانی،، سیکرٹری مصطفی ایلخانی، ماسٹر مشتاق، فاطمہ گل، مہدی ایناغ، داؤد چنگیزی، سیمہ بتول، جواد آ زرا، عاطفہ صادق و دیگر بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ نوروز دنیا کا ایک قدیم ترین تہوار ہے جو ایران، ترکی، افغانستان، کردستان، ترکمنستان، پاکستان، ہندوستان، آذربائجان اور تاجکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے اس دن بھی لوگ نئے کپڑے پہنتے ہیں، رشتہ داروں اور دوستوں کے گھر عید ملنے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کی رنجشوں کو درگذر کر کے محبتوں کے ساتھ نئے سال کا آغاز کرتے ہیں یہ دن موسم بہار کے آغاز کا دن ہے اس لئے شروع ہونے والے سال میں ایک دوسرے کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے نوروز کو بین الاقوامی ثقافتی تہواروں میں شامل کیا ہے اور ہر سال اقوام متحدہ کی جانب سے اکیس مارچ کے دن نوروز منانے والی اقوام کو مبارکباد دی جاتی ہے کوئٹہ میں نوروز کی تقاریب کی ابتداء میں اس کے پس منظر پر گفتگو، ثقافت، تعلیم اور ملبوسات پر مبنی اسٹالز میں شرکاء نے گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ دوسری نشست میں رنگا رنگ ثقافتی محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف فنکاروں و موسیقاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جسے شرکاء نے خوب سراہا ۔