تمباکونوشی کے نقصان میں کمی کیلئے قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے:مقررین

24 مارچ ، 2023

مسافرخانہ (نامہ نگار) پراجیکٹ ڈائریکٹر اےآرآئی جعفر مہدی نے جنوبی پنجاب کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمباکو سے پاک پاکستان کا حصول ممکن بنانے کےلئے ضروری ہے کہ تمباکو کے نقصان میں کمی کے تصور (ٹوبیکو ہارم ریڈکشن) کو انسدادتمباکونوشی کی قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے،آلٹرنیٹیو ریسرچ انیشیٹیو (اے آر آئی) کی جانب سے جنوبی پنجاب کی غیر سرکاری تنظیموں، ڈاکٹروں اور ماہرین صحت کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں پاکستان میں تمباکونوشی کی صورت حال اور اس پر قابو پانے میں تمباکو کے نقصان میں کمی کے تصور (ٹوبیکو ہارم ریڈکشن)، ڈاکٹروں اور ماہرین صحت کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ممبر تنظیموں، ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ایڈوکیسی آفیسر جنید علی خان نےکہا کہ تمباکو کے نقصان میں کمی کا تصور کارآمد ہے کیوں کہ اس تصور کے تحت استعمال ہونے والی مصنوعات میں زہریلے مادے نہیں ہوتے جبکہ تمباکونوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے کا تمام تر تعلق سگریٹ کے دھوئیں میں شامل ٹار سمیت دیگر کیمیائی مادوں سے ہوتا ہے۔ مقررین کی جانب سے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان میں تمباکونوشی کے خاتمے کی کوششوں میں سگریٹ نوشوں کی آراء کو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔انہوں نےتمباکو کی متبادل کم نقصان دہ مصنوعات کےلیے قانون سازی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقیوم شہاب، ملک محمد جمشید، ڈاکٹر طارق ملک، محمد شعیب ملک، ڈاکٹر محمد عظیم، مبشر وسیم لودھی، ڈاکٹر محمد رمضان عباسی، ڈاکٹر کلیم باری، رفعت یامین، ایاز قادر، سید ندیم، طاہر حیات، ڈاکٹر حنظلہ طارق، عثمان اصغر، محمد طارق ملک، ملک سراج مسن، ڈاکٹر عظمی چوہان، ساجد بشیر سمیت ڈاکٹرز اور این جی اوز کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔