ملتان سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک شخص جاں بحق،10 زخمی

25 مارچ ، 2023

ملتان،شجاع آباد،روجھان،عبدالحکیم، خان گڑھ، چوک سرور شہید، کوٹ ادو، دوکوٹہ، مترو (سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران)ملتان سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں، چار مختلف مقامات پر گھروں کی چھتیں سکول کی دیوار گرنے کے باعث 55 سالہ چوکیدارجاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 10 افراد شدید زخمی ہو گئے، میپکو کے200 فیڈر ٹریپ کرگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شجاع آباد کے علاقے میں شدید بارش کے باعث گورنمنٹ ہائی سکول کی دیوار گرنے کے باعث 55 سالہ چوکیدار محمد رفیق جاں بحق ہوگیا دوسرا واقعہ وہاڑی چوک اسلامی کا نٹا کے قریب پیش آیا جہاں پر مکان کی چھت گرنے سے 22 سالہ کاشف، 17 سالہ طیب، 19سالہ مبشر اور 17 سالہ رضوان شدید زخمی ہوگئے۔ تیسرا واقعہ ویس والی پل خانیوال روڈ پر پیش آیا جہاں پر کچے مکان کی چھت گرنے سے اللہ رکھا اور اس کی بیوی شدید زخمی ہوگئے ۔چوتھا واقعہ جلال پور کے علاقے میں پیش آیا جہاں پر مکان کی چھت گرنے سے جاوید سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔دریں اثناء ماڑے روڈ بستی شمس آباد کے مقام پر بارش کے سبب کچی چھت گرنے سے ظفر ولد رفیق زخمی ہوگیا۔ تمام زخمیوں کوہسپال منتقل کر دیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ، رات بھر بارش کی وجہ سے شاہین مارکیٹ، لوہا مارکیٹ، چوک شہیداں، دہلی گیٹ سرکلر روڈ ، گلشن مارکیٹ، طارق روڈ، کچہری روڈ، حسن پروانہ روڈ، ممتاز آباد پل ، سمیجہ آباد ،چوک شاہ عباس،نیو ملتان، شاہ رکن عالم، چونگی نمبر 14،خونی برج، ڈبل پھاٹک سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا رہا ۔ دوسری طرف واسا ملتان کی جانب سے سیوریج کا پانی ختم کرنے کے اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، جبکہ تیز آندھی اور بارش کے باعث کمزور درخت اور ہورڈنگز بورڈ اکھڑ کر زمین بوس ہو گئے ۔ جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک ہونے والی مسلسل بارشوں سے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کے200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔بیشتر علاقوں میں سحری کے اوقات میں بھی بجلی بندرہی،میپکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ بجلی بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے پاور کنٹرول سنٹر میں موجود رہے۔ ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، بہاولپور،ڈی جی خان، وہاڑی، خانیوال، ساہیوال اور بہاولنگر سرکلوں کے فیڈرزسے بجلی کی فراہمی میں تعطل ہوا۔ چیف ا نجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ نور الحسن ڈوگر، سپریٹنڈنگ انجینئر رحیم یار خان سرکل محمد شہزاد راعی اور ایگزیکٹو انجینئر ایم اینڈ ٹی ملتان ڈویژن ملک محمد ساجد ڈمرا بھی سحری کے اوقات میں پاور کنٹرول سنٹر میں خدمات سرانجام دیتے رہے۔شدید بارش کے باعث متاثرہ فیڈرز کی بحالی کے لئے سپریٹنڈنگ انجینئر جی ایس او ملتان سرکل زاہد اختر، ایس ای ڈی جی خان سرکل میاں محمد حسنین شکیل، ایس ای بہاولنگر سرکل ملک محمد یوسف، ایس ای بہاولپور سرکل سید محمد مبشررضوی، ایکسین کینٹ ڈویژن بابر علی گجر، ایس ای مظفرگڑھ سرکل ملک یعقوب گدارا، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن محمد علی یاسر اور ایس ای خانیوال سرکل ملک اشفاق اعوان سب ڈویژنل، ڈویژنل اور سرکل دفاتر میں سرگرم رہے اور صارفین کی درج ہونے والی شکایات کم سے کم وقت میں حل کرنے کے لئے ہدایات بھی جاری کیں ۔بارش کے باعث ٹمبر مارکیٹ میں جمع ہونیوالا پانی آڑھتوں دکانوں میں گھس گیا ۔مارکیٹ کے تاجروں کا مغیث شہزادہ بھٹو کی قیادت میں احتجاج واسا مسائل حل کرنے کا مطالبہ کر دیا اس سلسلہ میں تاجر اتحاد ٹمبر مارکیٹ کے صدر مغیث شہزادہ بھٹو نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا حکام ٹمبر مارکیٹ کے مسائل حل کریں سیوریج مسائل کی وجہ سے کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ ٹمبر مارکیٹ اور گردونواح کے سیوریج مسائل کے حل کے لیے ایم ڈی واسا کو ہدایات و احکامات جاری کئے جائیں۔ مترو اور گردونواح میں مسلسل کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تیز بارش اور آندھی کی وجہ سے گندم کی فصل تباہ ہوچکی ہے۔دوکوٹہ کی بجلی بھی 12 گھنٹے غائب رہی، تا ہم میپکو ملازمین نے خراب موسم میں کام کر کے بجلی بحال کر دی۔ کوٹ ادو میں ایک مرتبہ پھررات بھرہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبئی علاقوں سمیت بائی پاس، مین شاہراہ،پتل روڈ،اندرون بازار،گرلز سکول،تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کےاردگرد بارش کا پانی جمع ہوگیا،نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مین شاہراہ جھیل کی شکل اختیار کر گئی،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔چوک سرور شہید گردو نواح میں 5 گھنٹے لگا تار موسلا دھار بارش شہر تالاب میں تبدیل گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔ بارش کے باعث ضلع کچہری مظفرگڑھ ، فیاض پارک، علی پور روڈ، جھنگ موڑ کے علاقے پانی میں ڈوب گئے ۔ ڈپٹی کمشنر افس، کچہری ، محلہ حیات نگر ، قیوم نگر ، ٹبہ کریم آباد سمیت دیگر آبادیوں میں صورت حال انتہائی پریشان کن رہی۔ جی ٹی روڈ اور کمیٹی روڈ خان گڑھ پانی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ عبدالحکیم اور علاقہ میں بارش کی وجہ سے گندم کی فصل پر منفی اثرات پڑے ہیں۔روجھان اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے مسلسل بارشوں کے باعث کوہ سلیمان کے دامن سے نکلنے والے رود کوہی سیلابی ریلوں کی طغیانی سے شاہوالی اور چک دلبر کے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ڈیرہ غازیخان شہر گردونواح اور کوہ سلیمان میں موسلادھار بارش،ژالہ باری،سردی لوٹ آئی۔بارش نے میٹرو پولیٹن کارپویشن کی نااہلی کی قلعی بھی کھول کر رکھ دی ، ہسپتال چوک، کالج چوک، صدر بازار، رانی بازار، چوک چورہٹہ، گدائی تمام یونین کونسلز میں سیوریج سسٹم بند ہونے کی وجہ سے برساتی پانی جمع ہوگیا۔ فرید آباد کالونی یونین کونسل نمبر دس سمیت بیشتر یونین کونسلوں میں بارش اور سیوریج کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ ۔ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر مرزا محمد ظفر اقبال نے کہا کہ گندم کی کھڑی فصلیں بارش سے متاثر ہوئی ہیں ۔