صدر علوی کیخلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے‘ یوسف رضا گیلانی

25 مارچ ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید پر اپنے والد مخدوم سید علمدار حسین گیلانی کی 45ویں برسی کے اجتماع کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت ہے، پی ڈی ایم کی اپنی شناخت ہے، ہم ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں، عمران خان مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے واویلا کر رہے ہیں، میرے خلاف 30 مقدمات درج تھے مگر میں نے کبھی واویلا نہیں کیا اور مقدمات کا سامنا کر تا رہا، انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد ہو جائے تو وزیر اعظم صدر کو اسمبلیاں توڑنے کی ہدایت نہیں کر سکتا، چنانچہ صدر کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، البتہ میری ذاتی رائے میں ملک میں الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں، اگر ایک ساتھ الیکشن نہیں ہوں گے تو وفاق کمزور ہو گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں ہیں، پہلے بھی الیکشن آ گے ہوتے رہے ہیں، اتحادی حکومت ہے نہ ہم بھاگے ہیں نہ پی ڈی ایم بھاگی ہے، سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شاہ محمود اور سید علی موسیٰ گیلانی کے الیکشن کا معاملہ اپنی جگہ مگر شاہ محمود قریشی سے اتنا کہوں گا کہ وہ گھبرائیں نہیں میں الیکشن سے بھاگنے والا نہیں ہوں۔