مفت آٹا انتہائی ناقص،کھانے والوں کا پیٹ خراب ہوگیا

25 مارچ ، 2023

کبیروالا (نامہ نگار) مفت آٹا انتہائی ناقص، کھانے سے لوگوں کے پیٹ میں درد،اکثر کے روزے چھوٹ گئے،،فلور ملز مالکان غریب عوام کو زہر کھلا کر جان سے مارنے پر تل گئے،آٹے کا وزن بھی کم،ڈی سی خانیوال نوٹس لیں ۔ تفصیل کے مطابق ملک بھر کی طرح کبیروالا و دیہی علاقوں میں گورنمنٹ کی طرف سے مفت آٹا سکیم چل رہی ہے جس کے تحت فی افراد کو دس کلو کے تین تھیلےآٹے کے مفت مل رہے ہیں،آٹے کے حصول کے لیے بہت لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں آٹا انتہائی ناقص ہے جس کے کھانے سے متعدد لوگ پیٹ کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ بیماری کی وجہ سے اکثر لوگوں کے روزے بھی چھوٹ رہے ہیں،فلور ملز مالکان ناقص آٹا دے رہے ہیں اور بل اچھی کوالٹی کے آٹے کا پاس کروا رہے ہیں یہ آٹا جانور بھی نہیں کھاتے،علاقہ مکینوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم آٹے کے حصول کے لیے صبح سے شام تک ذلیل و خوار ہوتے ہیں اور جب آٹا گھروں میں استعمال کرتے ہیں تو وہ انتہائی ناقص ہوتا ہے مرد و خواتین،بزرگ اور بچے کی آٹا کھا کر بیمار ہو رہے ہیں،حکومت کو چاہیے کہ فلور ملز مالکان کو بھاری جرمانے یا ان کی ملز کو فوری سیل کریں تاکہ وہ آئندہ اچھی کوالٹی کا آٹا مارکیٹ میں دیں۔