ملزم کو لیکر جانیوالی پولیس پارٹی پر حملہ،مدعی مقدمہ ہلاک،اے ایس آئی سمیت دوزخمی

25 مارچ ، 2023

میاں چنوں (نامہ نگار ) ملزم منتقل کرانے کےلئے حافظ آباد جانے والی تھانہ صدر میاں چنوں کی پولیس پارٹی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ مدعی مقدمہ جاں بحق جبکہ پولیس اے ایس آئی اور کار ڈرائور شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر رشید احمد تھانہ صدر میاں چنوں اے ایس آئی اصغر علی اور تین کانسٹیبل تھانہ صدر میاں چنوں میں درج کار ڈکیتی کے مقدمہ میں مدعی مقدمہ اسماعیل ولد نور محمد قوم اوڈھ سکنہ محسن وال ، تھانہ صدر حافظ آبادسے واپس براستہ موٹروے ایم -4آرہے تھے کہ موٹروے پر چک 397ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ پیچھے سے ایک کارمیں سوار تین نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔جس سے اے ایس آئی اصغر علی اور کار ڈرائیور باو زخمی ہوگئے، جبکہ اسماعیل مدعی مقدمہ ہلاک ہوگیا۔ وقوعہ کی اطلاع پر ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈی ایس پی صدر سرکل ٹوبہ، ایس ایچ اع تھانہ صدر ٹوبہ اور موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں اور ڈیڈ باڈی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ شفٹ کردیا۔ تلاش نامعلوم ملزمان جاری ہے۔ واضع رہے کہ سب انسپکٹر رشید احمد اور اے ایس آئی اصغر علی تھانہ صدر میاں چنوں کے مقدمہ میں گرفتار شدہ ملزم یعقوب ولد عبداللہ قوم اوڈھ سکنہ پینسرہ فیصل آباد کو تھانہ صدر حافظ آباد سے تھانہ میاں چنوں ٹرانسفر کروانے کے لئے حافظ آباد گئے تھے واپسی پر یہ وقوعہ ہوگیا۔مقتول کی لاش کو محسن وال منتقل کیا جا رہا ہے۔