اسلام آباد پولیس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ستارے مل رہے ہیں ،بابر اعوان

25 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ستارے مل رہے ہیں ، انہیں ستارے نہیں چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہئے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ اسد عمر ، علی نواز ، حماد اظہر ، زلفی بخاری اور دیگر کے مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت ہوئی اور عدالت نے آج کی تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ دوران سماعت عدالت سے کہا کہ مقدمات کی تفصیلات بتا دیں یا پھر امبریلا ضمانت دیدیں ، امبریلا ضمانت ارشد شریف اور کچھ اور لوگوں کو ملی۔ بابر اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ستارے مل رہے ہیں۔ یہ اتنے بزدل ہیں کہ واہگہ بارڈر کی طرف منہ نہیں کرتے اور اپنے لوگوں پر ظلم کرتے ہیں۔ کیا کسی اور ملک میں اپنے لوگوں پر مظالم ہو رہے ہیں۔ یہ سب کے سب پوری قوم کو ولن سمجھ رہے ہیں۔ ظلم کرنے والوں کو کٹہرے میں جانا ہو گا۔