مینار پاکستان جلسہ ، PTIکارکنان کی پکڑ دھکڑ، 100سے زائد زیر حراست

25 مارچ ، 2023

لاہور( کر ائم رپو رٹرسے) لاہور پولیس کی جانب سےمینار پاکستان پر جلسہ سے قبل ہی پی ٹی آئی کارکنوں کی مبینہ پکڑ دھکڑ شروع ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے100سے زائد افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے، متحرک کارکنوں کو حراست میں لینے کیلئے لاہور کے تمام ایس ایچ اوز کو لسٹیں فراہم کی گئیں جس کے بعد سے اہم رہنما پہلے ہی روپوش ہو گئے تاہم بعض مقامات سے پولیس نے ان کے ملازموں اور رشتے داروں کو حراست میں لے لیا ہے کہ جب تک وہ افراد گرفتاری نہیں دیں گے انہیں نہیں چھوڑا جائے گا، زیادہ تر گرفتاریاں سمن آباد،اقبال ٹائون ،اتحاد کالونی ،نیازی اڈا،شاہدرہ،لاہور کینٹ،رائے ونڈ ، زمان پارک،دھرمپورہ،شالیمار،مسلم ٹائون،چونگی امرسدھو،جوہر ٹائون ،ڈیفنس،لٹن روڈ،والٹن اور دیگر علاقوں سے کی گئی ہیں ، پی ٹی آئی رہنمائوں نے بتایا کہ 7سو زائد رہنمائوں اور کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ،اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افراد کے خلاف کیسز ہیں صرف انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے زمان پارک میں کیٹرنگ سروس دینے والے 10 افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی خبر کے بعد زمان پارک میں کارکنوں کی خدمات لی جارہی ہیں، ان کارکنوں کیلئے کیلئے کھانا ،کرسیاں اور دیگر کیٹرنگ سروس یہ افراد فراہم کر رہے تھے، گرفتار 10افراد میں دھرم پورہ ، بلال گنج،گڑھی شاہو، سرجی میڈ ہسپتال ظفر علی خان روڈ ، ڈیوس روڈ، انفنٹری روڈ ، لاہور کینٹ اور مصطفیٰ آباد کے علاقہ میں ٹینٹ سروس کا کام کرنے والےشامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ یہ افراد کئی دن سے پولیس کی حراست میں ہیں ،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے کوئی گرفتاری نہیں کی ۔