سیکورٹی صورتحال ٹھیک نہیں، 8 اکتوبر کو الیکشن کرائے جائیں، گورنر KP کا الیکشن کمیشن کو خط

25 مارچ ، 2023

پشاور(نیوز ایجنسیاں)گورنر خیبرپختونخواحاجی غلامی علی نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خط میں لکھا کہ حالیہ دنوں صوبے میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کی جارہی ہیں، سیکورٹی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے فائرنگ ہوئی، کوہاٹ میں آرمی کی گاڑی پر حملہ ہوا، جنوبی وزیرستان میں بھی دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حاجی غلام نبی نے لکھا کہ باڑہ پولیس اسٹیشن پر بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کی، ڈی آئی خان میں بھی پولیس اسٹیشن پر حملہ ہوا، حملوں میں 21 مارچ کو 3 فوجی شہید ہوئے۔ گورنر کے پی کے نے خط میں لکھا کہ جنوبی وزیرستان میں بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کے قافلے پر حملہ ہوا، حملےمیں بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی شہید اور سات افراد زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 30اپریل کو پنجاب میں ہونے والے عام انتخابات کا شیڈول منسوخ کر کے انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کر رکھا ہے۔