حسان نیازی کا راہداری ریمانڈ منظور، کوئٹہ پولیس اسلام آباد سے لے گئی

25 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ کوئٹہ پولیس کی جانب سے حسان نیازی کی حوالگی کے لئے عدالت سے رجوع کیا گیا جس پر عدالت نے حسان نیازی کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا، عدالتی احکامات پر پولیس حسان نیازی کو اڈیالہ جیل سے عدالت لائی جہاں عدالت نے حسان نیازی کی حاضری لگائی اور ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پولیس نے کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے لئے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی، حسان نیازی کے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کو منظور کیا جاتا ہے۔ حسان خان نیازی کو تفتیشی افسر 25 مارچ متعلقہ عدالت میں پیش کرے۔ بعد ازاں کوئٹہ پولیس اسلام آباد کچہری سے حسان خان نیازی کو لے کر کوئٹہ کے لئے روانہ ہوگئی۔ 18مارچ کو حسان خان نیازی کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں حسان نیازی مقدمہ میں نامزد نہیں ہیں لیکن ان کی گرفتاری نامعلوم ملزمان میں کی گئی۔ مقدمہ اشتعال انگیزی، کار سرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت تھانہ ائیرپورٹ کوئٹہ کے سب انسپکٹر عبدالٰہی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے حسان خان نیازی کی درخواست ضمانت پر پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ جمعہ کو سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے حسان خان نیازی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی گئی جس پر عدالت نے پولیس کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت آج (ہفتہ) تک ملتوی کر دی۔