عمران نے بحران پیدا کیا، اکتوبر میں کیا حالات ہونگے کوئی ضمانت نہیں، خواجہ آصف

25 مارچ ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی، نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی، انتخابا ت مقررہ وقت پر ہونگے، ملکی مسائل کے حل ، ترقی و خوشحالی اور قومی مفاد میں جامع مذاکرات کیلئے تیار ہیں،عمران خان نے بحران پیدا کیا، اکتوبر میں کیا حالات ہونگے کوئی ضمانت نہیں، عمران خان چند ماہ قبل اپنی حکومت کیخلاف سازش کا الزام امریکا پر لگا رہے تھے، اب وہ لابنگ کروا کر امریکی عہدیداروں سے اپنے حق میں بیانات دلوا رہے ہیں،کسی سیاسی ورکر کیلئے یہ کوئی مناسب بات نہیں کہ وہ بیرونی مدد کیلئے مہم چلائے، بیرونی اور اندرونی خطرات کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی مشکل ہے، فنڈز کی فراہمی کے مسائل بھی ہیں، انتخابات کے بارے میں الیکشن کمیشن نے جو فیصلہ کیا ہے اسے اسکا آئینی حق حاصل ہے، دنیا میں کہیں بھی ایک ملزم عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کرتا لیکن چند ہفتوں سے دیکھا جارہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کر رہا ہے اور کئی وجوہات اسکی صفائی میں بیان کر رہا ہے۔ جبکہ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت ریلیف کیلئے کوشاں، ایک شخص ملک میں سول وار چاہتا ہے، سستا پٹرول کےمیکنزم کوفائنل کر لیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں غیرملکی میڈیا کو سیاسی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہماری حکومت ایک سال مکمل کرنے جا رہی ہے اور یہ حکومت ایک آئینی اقدام کے تحت آئی تھی لیکن اس اقدام کو روکنے کیلئے عمران خان کی اس وقت کی حکومت نے مختلف غیرآئینی طریقے اپنائے،عمران خان کے ان غیرآئینی کاموں میں صدرمملکت اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر شامل تھے، رات گئے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ سپریم کورٹ نے ختم کرکے چیزیں ٹھیک کیں اور آج ہماری حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتمادآئینی طریقے سےلائی گئی، عمران خان نے تحریک عدم اعتمادکےبعدغیرقانونی اقدامات اٹھائے، سپریم کورٹ نے مداخلت کر کے آئین کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کئی واقعات ہوئے، عمران خان کا سیاسی سفر سائفر سے شروع ہوا اور آج شیریں مزاری نے امریکہ کو خط لکھ دیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور دیگر کئی مسائل پر بھی بحث کی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ یہ عمران خان کا حکومت سے نکلنے اور آج امریکہ کو پیغام تک کا سفر ہے،خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایک ملزم عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کرتا لیکن ٹیلی ویژن کی سکرینز پر چند ہفتوں سے دیکھا جارہا ہے کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں سیاسی کارکنوں نے بڑے اچھے طریقے سے گرفتاری قبول کی چاہے ان سے جس طرح کا بھی انتقام لیا جا رہا ہو لیکن انہوں نے کبھی اپنی گرفتاری کی اس طرح مزاحمت نہیں کی یا عدالتوں کی بے توقیری یا بدنام نہیں کیا،سیاست دانوں نے پروقار اندازمیں سیاست کی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ عدم اعتماد کے بعد حکومت لینے سے سیاسی نقصان ہوا ہے اور ہمیں قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں جبکہ عمران خان ایک مایوس آدمی ہے اور وہ پر تشدد کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان اپنے قتل کےبارے میں ایک نیاسازشی بیانیہ بنارہے ہیں اور مسلسل حقائق کےخلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آنے والے دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں معاشی صورتحال اور تمام چیزیں جو اس وقت خراب ہیں وہ ٹھیک ہوجائیں گی۔