سری نگر(اے پی پی ،پی پی آ ئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں میں ایک کشمیریوں نوجوان کو شہید جبکہ ایک نوجوان کو سوپور میں گرفتار کر لیا، نوجوان کو سوپورمیں فرضی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ہتھیار،گولہ بارود موبائل فون اورسم کارڈ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کوشہید کردیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کوفوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں تلاشی اورمحاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔دریں اثناء سرینگر سے پی پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ سے ایک اورنوجوان کو گرفتار کر لیاہے۔تفصیل کے مطابق نوجوان کو ضلع کے علاقے سوپورمیں ایک نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔کشمیری نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے بھارتی فوجیوں نے اس کے پاس سے ہتھیار اور گولہ بارود، ایک موبائل فون اورسم کارڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔مذکورہ کشمیری نوجوان کے خلاف پولیس اسٹیشن امرگڑھ میں مقدمہ درج کیاگیا ہے۔