وزیر اعظم اداروں کو الیکشن میں معاونت کی ہدایت کریں ،صدر علوی

25 مارچ ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انتخابات ملتوی کیے جانےپر تشویش کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے لکھا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کروانا ضروری ہیں، سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا، لیکن بظاہر لگتا ہے کہ وفاقی اور نگران حکومتوں نے اداروں کے سربراہان کو الیکشن کروانے سے معذوری ظاہر کرنے کو کہا ہے ۔صدر علوی نے لکھا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق انتخابات میں معاونت فراہم کرنا اداروں کا فرض ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام شہریوں کے انسانی اور بنیادی حقوق کی کا تحفظ وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے، وزیر اعظم اداروں کو الیکشن میں معاونت کی ہدائیت کریں ۔