لاہور (جنگ نیوز) کراچی، راولپنڈی ، اسلام آباد اور لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور، خوشاب میں برسات کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بھکر، راجن پور میں شدید بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، جھنگ، جہانیاں میں بھی موسلادھار بارش سے موسم تبدیل ہو گیا۔وہاڑی ، راجن پور، اوچ شریف اور ظاہرپیر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث موسم تو خوشگوار ہو گیا مگر نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔احمد پورشرقیہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برھم ہو گیا اور بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بارش کے باعث گندم کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گندم کٹائی کے سیزن کے دوران بارشوں کے سبب پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی، بارشوں سے چنے اور گندم کی فصل کو نقصان پہنچا جبکہ شدید بارشوں کے بعد بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی جس وجہ سے شہریوں کو سحری میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔