مظفرآباد اور گلگت بس سروس خوش آئند، ماضی کی دوریاں کم ہونگی، عقیل الرحمان

25 مارچ ، 2023

مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی طرف سے مظفرآباد اور گلگت بس سروس کا شروع ہوناخوش آئند اقدام ہے ،اس سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان باہمی روابط میں اضافہ ہو گا ،حکومت کالجز اور جامعات میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے سیٹوں میں اضافہ کرے ،حکومت مستحق اور ہونہار طلبہ کے لیے سکالرشپ کا بھی بندوبست کرے ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان ماضی کی دوریاں کم ہو ں گی اور یہ دونوں خطے باہم مل کر بقیہ کشمیرکی آزادی اور آزادخطوں کی تعمیر وترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بس سروس سے دونوں خطوں کے عوام کو ایک دوسرے سے رابطے میں سہولت ہو گی ۔یہاں کے لوگ گلگت بلتستان جائیں وہاں کے حالات کا مشاہدہ کریں وہاں کے لوگ مظفرآباد آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دونوں آزاد خطے باہم مل کر بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں۔