افغانستان سے اپنے44 شہریوں کے انخلا کیلئے کام کررہے ہیں،امریکا

25 مارچ ، 2023

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ وہ اس وقت اپنے ان 44 شہریوں کے افغانستان سے انخلا کے لیے کام کررہے ہیں ۔ گزشتہ روز کانگریس میں تقریر کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کی زیر قیادت افغان حکومت نے متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لے رکھاہے اور ہم ان کی آزادی کے لیے کام کررہے ہیں،۔ انہوں نے کہا کہ امریکی شہریوں کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ہم ان کی شناخت کا تحفظ کریں اور ان کے معاملات پرکھلے عام بات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان حکام کے ساتھ خراب تعلقات کے باوجود امریکا نے خاموشی سے ان امریکی شہریوں کی مدد کے لیے کام کیا ہے جو افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ نے طالبان کے افغانستان پرقبضے کے بعد سے 975 امریکی شہریوں کو ملک سے نکالنے میں مدد کی ہے اور اس وقت 175 امریکی افغانستان میں موجود ہیں جن میں سے بعض امریکی شہری فوج کے انخلا کے بعد آئے تھے،ان میں سے 44 شہری ملک چھوڑنے کوتیار ہیں اور ہم ان کی روانگی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں طالبان حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے متعدد دیگرافراد کی بھی مدد کر رہا ہے۔