توہین رسالت کیس ،انسداد دہشتگردی عدالت سے مجرم کو سزائے موت

25 مارچ ، 2023

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور میں انسداد دہشتگردی عدالت نے سوشل میڈیا پرتوہین رسالت پر مبنی گستاخانہ مواد شیئر کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کاحکم دیدیا ۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ملزم کا ٹرائل سنٹرل جیل پشاور میں چلایا گیا جہاں فاضل جج گزشتہ روز کیس کا مختصر فیصلہ سنادیاہے۔ مدعی مقدمہ کی جانب سے کیس کی پیروی ابرارحسین ایڈوکیٹ نے کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم سید محمد ذیشان سکنہ میاں بیرہ طورو مردان پر الزام تھا کہ اس نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد شیئر کیا جس کے خلاف تلہ گنگ کے شہری محمد سعید کی درخواست پر ایف آئی اے کی انسداد دہشتگردی ونگ نے 27 اکتوبر 2021 کو295A،295C، 298A، الیکٹرانک کرائمز ایکٹ2016 اور 7ATAسمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیاگیا۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ملز م کا ٹرائل سنٹرل جیل پشاور میں کیاگیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی کے تحت اسے سزائے موت اور3لاکھ روپے جرمانہ کی سزاسنادی۔