ہفتہ کوطے شدہ جوائنٹ سروسز پریڈ خراب موسم کے باعث منسوخ

25 مارچ ، 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ راولپنڈی کے مطابق پاکستان آرمڈ فورسز جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے آج 25مارچ کو یوم پاکستان پر ہونیوالی جوائنٹ سروسز پریڈ کو منسوخ کر دیا ہے۔ اسکی وجہ وفاقی دارالحکومت میں مسلسل موسم کی خرابی بتائی گئی ہے۔ 23مارچ 2023ء کو ایوان صدر اسلام آباد میں چھوٹے لیول پر یوم پاکستان کی جوائنٹ سروسز پریڈ کو شدید بارش میں موخر کیا گیا اور اس پریڈ کو 25مارچ 2023ء کو منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن جمعہ 24مارچ کو ناصرف پنجاب‘ خیبر پختونخوا‘ بلوچستان‘ گلگت بلتستان‘ آزاد کشمیر بلکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال پر غورو خوص کیا گیا اور پاکستان آرمڈ فورسز جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے 25مارچ کو طے شدہ جوائنٹ سروسز پریڈ کو خراب موسمی صورتحال کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا۔