الیکشن التواء کیخلاف لاہور ہائیکورٹ بار کی متفقہ قرارداد منظور

25 مارچ ، 2023

لاہور(اپنے نامہ نگار سے،کورٹ رپورٹر) پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف لاہورہائیکورٹ بارنے متفقہ قرارداد منظور کر لی،آل پاکستان وکلاء کنونشن بھی 27مارچ کو طلب کرلیا ۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت چوہدری اشتیاق احمد خاں ہوا ،جس میں ربیعہ باجوہ نائب صدر، صباحت رضوی سیکرٹری اور محمد شاہ رخ شہباز وڑائچ فنانس سیکرٹری کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔چوہدری اشتیاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کا اقدام گھناؤونی سازش اور آئین پر حملہ ہے۔ صباحت رضوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی حکم عدولی ،سیاسی کارکنوں،وکلاء کی غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاریوں اور ان پر تشددکی شدید مذمت کرتے ہیں۔