اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 434پوائنٹ مزید گر گیا، کاروباری حجم میں 75فیصد کمی

25 مارچ ، 2023

لاہور (سودی) رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام شدید مندے پرہوا، آخر میں دو سو کے قریب کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی غیر معمولی طور پر کم ہو گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مندے سے ہوا پھر تیزی اور اس کے بعد شروع ہونے والا مندا آخر تک شدت اختیار کر تا رہا۔ اس دوران انڈیکس میں 80پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 453پوائنٹ کی کمی بھی۔ گزشتہ روز مارکیٹ کی حالت اس قدر ابتر تھی کہ بعض کمپنیوں کے حصص کی فروخت میں بھی دقت کا سامنا تھا جن کا کسی بھی سطح پر کوئی خریدار ہی نہیں تھا یا پھر خرید اور فروخت کے ریٹ میں بہت بڑا فرق تھا ۔اسی طرح ٹریڈنگ میں کمی کے باعث کاروباری حجم 75فیصد تک کم ہو گیا۔ مارکیٹ کو متاثر کرنے والے عناصر میں ملکی سیاسی کشیدگی میں اضافہ اور معاشی حالات میں مزید ابتری سرفہرست تھے جبکہ آئی ایم ایف کی طرف سے سٹاف لیول معاہدہ کرنے سے گریز، آئندہ سہ ماہی کے دوران تین ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی کا کوئی انتظام نہ ہونا، 4اپریل کو آنے والی مانیٹری پالیسی میں انٹرسٹ ریٹ بڑھنے کی سطح سے متعلق قیاس آرائیاں بھی اثر انداز تھے۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، میوچل فنڈز اور انشورنس کمپنیوں نے نیٹ سیل کی جبکہ کمپنیوں، بینکوں، بروکروں اور بیرونی فنڈز کی نیٹ خریداری تھی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 434پوائنٹ کم ہو کر 39942پر آ گیا۔ کمپنیوں میں اضافہ، 194میں کمی، 19میں استحکام رہا۔ صرف 4کروڑ 67لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔