23 مارچ 1940 ہماری آزادی اور حق خودارادیت کی قومی جدوجہد کا آغاز تھا، معظم احمد خان

25 مارچ ، 2023

لندن( پ ر) یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ہائی کمشنر معظم احمد خان نے بڑی تعداد میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستان کے برطانوی دوستوں کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور قرار داد پاکستان کو تحریک پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 23 ​​مارچ 1940 نہ صرف ہماری آزادی اور حق خود ارادیت کی قومی جدوجہد کا آغاز تھا بلکہ بحیثیت قوم ہماری قومی امنگوں کو پورا کرنے کے سفر کا آغاز بھی تھا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قائدین کو ان کی بے لوث خدمات اور پاکستان کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ 75 سال کے دوران سنگین چیلنجوں کے باوجود پاکستان ایک ترقی پسند اور جمہوری ملک کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان جلد ہی اپنے موجودہ معاشی چیلنجوں پر قابو پالے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ دنیا ایک غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہے لیکن ایسے حالات میں بھی پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں پر پختہ یقین کے ساتھ امن، مساوات اور انصاف کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ۔ہائی کمشنر نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔ دو طرفہ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات قیام پاکستان کے بعد سے ہی اسٹریٹجک رہے ہیں۔ ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوام سے عوام کے روابط کی گہرائی اور وسعت اور باہمی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہائی کمشنر نے 1.6 ملین برٹش پاکستانیوں کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اُن کے کردار کو بھی سراہا۔ برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل خانوں نے بھی اسی طرح کی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا۔