ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد جاری ہے، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن

25 مارچ ، 2023

برمنگھم ( نمائندہ جنگ/آصف محمود براہٹلوی ) دعوت اسلامی کے ویلفيئر ادارہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن نے ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کی جس طرح امداد کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار FGRF کے سربراہ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے 5 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔ یاد رہے FGRF دعوت اسلامی کا ویلفیئر کا ادارہ دنیا بھر میں امت کی فلاح بہبود کے کام میں ہمیشہ سے پیش پیش رہتا ہے فیضان گلوبل ریلیف یو کے اور یورپ کے سربراہ سید فضیل رضا عطاری نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کی تفصيلات بتاتے ہوئے کہا کہ ابھی تک 2500سے زائد کمبل ,3000سے زائد جیکٹس ,3000سے زائد گرم کپڑے FGRF کے رضاکار متاثرین میں تقسیم کر چکے ہیں ۔اس کے علاوہ 15کنٹینر 5شہروں Diyarbakir,Adana,Kahramanmaras,Gaziantep اور Hatay کے متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں ہر کنٹینر میں 1000 سے زائد راشن پارسل ہیں اور ہر پارسل کا وزن تقریبا 10سے 12kg ہے ، ترک حکومت ،ترک عوام اور شامی عوام نے بھی فیضان گلوبل ریلیف فاونڈیشن کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے سراہا ہے اور ترک حکومت نے FGRF کو کئی مربع میل جگہ بھی دی ہے جہاں دو بیڈ روم کے کنٹینر گھر بنائے جائیں گے جس میں کچن اور باتھ روم کی سہولت بھی ہوگی، اس ایک کنٹینر کی لاگت تقریبا 4500£ پونڈ تک آئے گی جو تیاری کے مراحل میں ہے اور اسی طرح کے 500 مزید 2 بیڈ روم کنٹینر تیار کئے جائیں گے ۔مزید یہ کے روزانہ کی بنیاد پر 2000سے زائد گرم کھانا متاثرین زلزلہ زدگان میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ 50 واشنگ مشین، 50 فریج متاثرین میں تقسيم کئے گئے ہیں، 1500 سے 2000 افراد کو واٹر ٹینک فراہم کئے جا چکے ہیں، اس کے علاوہ رمضان المبارک میں پانچوں شہروں میں ہزاروں افراد کے لئے سحر اور افطار میں کھانے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔