دنیا کے پاس گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کا وقت نکل رہا ہے، اقوام متحدہ

25 مارچ ، 2023

نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے انسانوں کے ہاتھ سے وقت نکلتا جا رہا ہے۔سیکڑوں سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں کہا گیا کہ دنیا ایک ایسے مقام پر پہنچنے کے قریب ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں لیکن اس تباہی سے ابھی بھی بچا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھرمیں گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی شروعات کی ضرورت ہے ورنہ کرۂ ارض کا درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسیس کی حد سے تجاوز کر جائے گا رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ درجہ حرارت میں ایک ڈگری کا اضافہ زمین پر انتہائی نوعیت کے وقوعات کا سبب بنے گا۔ان تباہ کاریوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کے سبب سطح سمندر میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں زراعت، جنگلات، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت کو شدید معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔اقوام متحدہ کی جانب سے موسمیاتی تغیر پر بنائے جانے والے بین الحکومتی پینل (آئی پی سی سی) کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نتائج سے نبردآزما ہونے کیلئے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 2030تک 48فیصد، 2035تک 65فیصد، 2040تک 80فی صد اور 2050تک 9 9فی صد کٹوتی کرنی ہوگی۔