کراچی(سید محمد عسکری) بلوچستان کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تلاش کے لیے قائم تلاش کمیٹی نے بلوچستان کی5جامعات کیلئے 15؍ امیدواروں کا انتخاب کرلیا ہے جبکہ چھٹی یونیورسٹی مکران یونیورسٹی کے لیے امیدواروں کی تعداد 2ہونے کے باعث وائس چانسلر کے عہدے کا اشتہار دوبارہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ہر یونیورسٹی کے لیے تین امیدواروں کے پینل کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے لیے ڈاکٹر شبیر لہڑی پہلے، ڈاکٹر باقی درانی دوسرے اور ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کا تیسرا نمبر ہے۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کیلئے ڈاکٹر خالد حفیظ پہلے، معصوم یاسین زئی دوسرے اور ڈاکٹر محمد سلمان طاہر تیسرے نمبر پر ہیں۔ میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے وی سی کے عہدے کیلئے ڈاکٹر انور پانزئی، ڈاکٹر ظفر اقبال اور ڈاکٹر قادر بخش کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف لورا لائی کیلئے ڈاکٹر احسان اللہ ، ڈاکٹر احمد الرحمان اور ڈاکٹر سعید احمد بزدار کا انتخاب کیا گیا۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کیلئے ڈاکٹر مقصود احمد، ڈاکٹر احسان اللہ اور ڈاکٹر سید عابد علی شاہ کا انتخاب کیا گیا۔ ان 6؍ جامعات کے لیے 106؍ امیدواروں نے وی سیز کے عہدے کیلئے درخواستیں دی تھیں۔ تاہم اہل امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا اور ہر امیدوار کو تلاش کمیٹی نے انٹرویو کے لیے 30؍ منٹ دئیے اور انٹرویوز کا سلسلہ مسلسل 3روز تک جاری رہا۔ کئی امیدواروں نے ایک سے زائد جامعات کے لیے بھی درخواستیں دی تھیں ۔ بلوچستان حکومت نے غیر جانبداری برقرار رکھنے کے لیے اپنے صوبے کی جامعات کیلئے جو تلاش کمیٹی قائم کی تھی اسکا سربراہ اور ایک رکن سندھ سے لیے تھے جب کہ ایک رکن کا تعلق وفاق سے تھا۔ آئی بی اے کراچی کی ڈین ڈاکٹر اسماء حیدر تلاش کمیٹی کی کنوینر تھیں اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر بیکا رام رکن تھے جبکہ دیگر اراکین میں پلاننگ کمیشن کے رکن رفیع اللہ کاکڑ ، لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دوست محمد اور گورنر بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری ناصر دوستانی اور سیکرٹری کالج اینڈ ہائر ایجوکیشن حافظ عبدالماجد رکن تھے۔ بلوچستان کی تلاش کمیٹی نے اچھے امیدواروں کی تلاش کے سلسلے میں اپنا دائرہ صرف بلوچستان تک ہی محدود نہیں کیا تھا بلکہ پورے ملک اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والوں کے لیے بھی دروازے کھلے رکھے تھے۔ اس طرح بلوچستان کی تلاش کمیٹی کو سندھ کی تلاش کمیٹی پر فوقیت حاصل رہی۔ سندھ کی تلاش کمیٹی نے صرف ان امیدواروں کو بلایا جن کا ڈومیسائل سندھ کا تھا، یہی وجہ تھی کہ گزشتہ ماہ سندھ کی جن 7جامعات میں وائس چانسلرز کا انتخاب ہوا اس میں سے 6کا تعلق انجینئرنگ کے شعبہ سے تھا۔
اسلام آباد وفاقی حکومت نے نیب ترامیم کیس کا حکم نامہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔وزارت قانون نے نیب ترامیم...
اسلام آباد عالمی مالیاتی فنڈ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کردیا ہے ۔ گزشتہ روز...
اسلام آبادڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت پی ٹی آئی کے سربراہ ،عمران خان اور بشری بی بی...
ملتان چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی جو گزشتہ روز اپنا دورہ مختصر کرکے واپس چلے گئے تھے گزشتہ شب...
کراچی سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے،چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز...
اسلام آباد :ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی...
اسلام آباد مستونگ واقعہ میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اور انکی سپاہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اس بات کا...
لاہور انسداد دہشتگری عدالت کی جج عبہر گل خان نے اشتعال انگیز گفتگو کے مقدمے میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف...