PTIدور میں بھرتی5ہزار سوشل میڈیا ٹرولرز کو 15کروڑ کی ادائیگی جاری

27 مارچ ، 2023

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) وزیراطلاعات خیبرپختونخوا فیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابق کے پی حکومت نے پانچ ہزار سوشل میڈیا ٹرولز کو کانٹریکٹ پر بھرتی کیا ہوا تھا، ان لوگوں کو پچیس ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں، پی ٹی آئی کے 1200سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ محکمہ اطلاعات سے ماہانہ پچیس ہزار روپے گھروں پر بیٹھ کر وصول کررہے ہیں، ان کا کانٹریکٹ سالانہ بنیاد پر ہے اس لئے حکومت کے خاتمے کے باوجود وہ کام کررہے ہیں، مختلف محکموں میں ان سوشل میڈیا کارکنوں کو 15 کروڑ روپے ماہانہ دیئے جارہے ہیں ۔ فیروز جمال شاہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت کا کام شفاف انتخابات کا انعقاد اور سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا ہے، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے محکمہ اطلاعات میں 1200سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھرتی کیے تھے، سابق کے پی حکومت نے مجموعی طور پر پانچ ہزار سوشل میڈیا ٹرولز کو بھرتی کیا ہے، یہ سوشل میڈیا ٹرولز ہر ضلع اور تحصیل سے بھرتی کیے گئے ہیں، یہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ حکومتی اخراجات پر پی ٹی آئی کو سپورٹ کرتے ہیں، ان کا کانٹریکٹ سالانہ بنیاد پر ہے جس کے ختم ہونے میں تین ماہ باقی ہیں، ان سوشل میڈیا کارکنوں کو ابھی بھی حکومتی خزانے سے پچیس پچیس ہزارروپے مل رہے ہیں، مختلف محکموں میں ان سوشل میڈیا کارکنوں کو 15 کروڑ روپے ماہانہ دیئے جارہے ہیں۔ فیروز جمال شاہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا ٹرولز کو پیسے مل رہے ہیں مگر نابینا بچوں کے ادارے کو بچوں کے کھانے کیلئے سات ماہ سے پیسے نہیں ملے ،خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ادویات نہیں مل رہی ہیں، اورکزئی کا اسپتال چلانے کیلئے روزانہ صرف پچیس روپے مل رہے ہیں، خیبرپختونخوا کی بیوروکریسی نگراں حکومت سے تعاون نہیں کررہی ہے۔