مسائل و جیلنجز عمران کی ناکام پالیسیوں کا شاخسانہ ہے،وزیر اعظم

27 مارچ ، 2023

اسلام آباد‘ملتان ‘بہاولپور( نیوز رپورٹر‘سٹاف رپورٹر‘نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ معاشی،سیاسی اورانتظامی مسائل وچیلنجز عمران خان کی ناکام پالیسیوں کاشاخسانہ ہے، عمران نے ہمیشہ صرف بیان بازی اورتقاریر ہی کی ہیں،قوم ان کی مایوس کن کارگردگی بارے پوچھنے میں حق بجانب ہے،شہبازشریف کاملتان اور بہاولپورمیں مفت آٹامراکزکادورہ،شہریوں کوہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ صرف بیان بازی اورتقاریر ہی کی ہیں،قوم ان کی وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی مایوس کن کارگردگی سے متعلق پوچھنے میں حق بجانب ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم نے اتوار کوملتان میں مفت آٹے کی تقسیم کے مقام سپورٹس گرائونڈ کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعظم نے شہریوں سے آٹے کی فراہمی میں مشکلات اورمفت آٹا سنٹر پردی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔وزیر اعظم نے مفت آٹا تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اورشاندار انتظامات پرضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کوسراہا۔وزیراعظم مفت آٹاسنٹرپرخصوصی افراد کیلئے قائم ڈیسک پربھی گئے۔وزیراعظم نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مقامی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مفت آٹا لینے کیلئے آنے والے شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے،خصوصا عمررسیدہ،سپیشل افراد اورخواتین کاخاص خیال رکھا جائے،شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔دریں اثنا شہبازشریف نےبہاولپورمیں عباسیہ سکول مفت آٹا سینٹر کا اچانک دورہ کرکے مفت آٹے کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیا ،وزیراعظم نے مفت آٹے کی فراہمی سے متعلق شہریوں کی شکایات سنیں ۔شہبازشریف نے مفت آٹا تقسیم کرنے والے مراکز میں بزرگوں اورخواتین کیلئے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے اور بزرگوں ، خواتین اوربیمارشہریوں کوترجیحی بنیادوں پرآٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے شہریوں کی شکایات اورمسائل سنے اورحکام کو ان کے حل کی ہدایت کی۔وزیراعظم نےشہریوں میں مفت آٹا تقسیم کرنے کے عمل کا خود جائزہ لیا۔وزیراعظم نے خواتین اوربزرگوں سمیت شہریوں سے ملاقات کرکے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی۔وزیراعظم نے شہریوں کومفت آٹا فراہم کرنے کے عمل پراطمینان کااظہارکیا، وزیراعظم نے بیمارخاتون کوآٹے کے دوتھیلے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ایک تھیلہ آٹا وصول کرنے والے شہریوں کوآئندہ دوتھیلے ایک ساتھ فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہری رمضان کے دوران باربار نہ آئے۔وزیراعظم نےکہا کہ بزرگوں ، خواتین اوربیمارشہریوں کوترجیحی بنیادوں پرآٹا فراہم کیا جائے۔وزیراعظم نے بزرگوں اوربیمارشہریوں کاآٹا ان کی سواری تک پہنچانے کیلئے انتظامات ،بی آئی ایس پی میں رجسٹرنہ ہونے والے مستحق افراد کی رجسٹریشن کیلئے بی آئی ایس پی اورنادرا کے حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیراعظم نے آٹا مرکز میں قائم ہیلتھ سینٹر کادورہ بھی کیا اورعملہ سے سہولیات اورمریضوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔