حکمران اتحاد کاعمران وعلوی کیخلاف قومی اسمبلی توڑنے کے اقدام پر پٹیشن دائر کرنیکا فیصلہ

27 مارچ ، 2023

اوکاڑہ(وارث حیدری)حکمران اتحاد کی عمران خان،عارف علوی کو دفاعی پوزیشن پر لانے کی حکمت عملی ،تحریک عدم اعتماد کے وقت قومی اسمبلی توڑنے کے اقدام پر پٹیشن دائر کرنے کا متفقہ فیصلہ کر لیا،ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ حکمران اتحاد نے عمران خان کے خلاف ”ایگریسو“ قانونی اقدامات اٹھانے کا جو فیصلہ کیا تھا اس پر عمل در آمد شروع کیا جارہا ہے، میاں نوازشریف،آصف زرداری ، مولانا فضل الرحمان اور دیگرقائدین کے اتفاق رائے سے آئینی وقانونی ماہرین گزشتہ سال تحریک عدم اعتماد کے وقت قاسم سوری کی رولنگ کی روشنی میں عمران خان کی ایڈوائس پر صدر عارف علوی کی طرف سے قومی اسمبلی توڑنے کے احکامات کے خلاف ایک پٹیشن تیار کر رہے ہیں،جس میں ان کے خلاف کارروائی کیلئے بطور خاص اس اہم نکتہ کو اٹھایا جارہا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے بھی متفقہ طور پر عمران خان اور صدر علوی کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیا تھا،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پٹیشن دائرسے ملکی سیاسی حالات پر گہرا اثر پڑے گا،حکمران اتحاد مجوزہ پٹیشن کا بیانیہ عوام میں بھی پیش کرے گا، مریم نواز،بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان اسے عوامی اجتماعات میں موضوع گفتگو بنائیں گے، دیگر حوالوں اور عنوانات سے بھی صدر عارف علوی کو ہدف تنقید بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی طرف سے عارف علوی کو لکھے گئے جوابی خط کا متن بھی حکمران اتحاد کے قائدین کی مشاورت سے فائنل ہوا ۔