جاپانی کمپنی کی پاکستان کو روسی تیل 35فیصد کم قیمت پر فروخت کی پیشکش

30 مارچ ، 2023

ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان کی معروف ٹریڈنگ کمپنی نے اپنی آئرش پارٹنر کمپنی کیساتھ ملکر پاکستان کو روسی تیل اور نائجریا کی ایل این جی عالمی مارکیٹ سے پینتیس فیصد کم میں فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے اس حوالے سے جاپانی کمپنی کے نمائندے سے ٹوکیو میں سفیر پاکستان کو یہ پیشکش کی ہے ، یہ ملاقات جاپان میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے توسط سے ہوئی جس میں جاپانی کمپنی کے نمائندے نے جاپان میں پاکستانی سفیر کو تیل اور ایل این جی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ، جاپانی نمائندے نے بتایا کہ ان کی جاپانی کمپنی اور آئرلینڈ کی شراکت دار کمپنی کے پاس روسی تیل اور نائجریا کی ایل این جی فروخت کرنے کا لائسنس ہے اور اگر حکومت پاکستان تیل و گیس کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے تو جاپانی کمپنی عالمی مارکیٹ سے پینتیس فیصد کم میں یہ دونوں اشیا پاکستان کو فروخت کرسکتی ہے ، اس موقع پر پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اس پیشکش پر غور کرسکتا ہے جس کے لئے اس پیشکش کی تمام جزیات کے ساتھ ہم حکومت پاکستان کے متعلقہ محکموں کو آگاہ کریں گے اور اگر اسلام آباد سے جواب موصول ہوا تو جاپانی کمپنی کو آگاہ کردیا جائے گا