تیل و گیس کی 5بڑی کمپنیوں کے ہائیڈروجن منصوبوں کے ایم او یو پر دستخط

30 مارچ ، 2023

اسلام آباد(رپورٹ حنیف خالد)وفاقی سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن (ر)محمد محمود نے تیل و گیس کی دریافت اور پیداوار کرنے والی پانچ بڑی کمپنیوں کی طرف سے پاکستان اور پاکستان سے باہر گرین ہائیڈروجن منصوبوں پر کام کرنے کیلئے مفاہمت کی یادداشت کو پاکستان اور دنیا کیلئے زیادہ پائیدار مستقبل کی تشکیل کیلئے اہم قرار دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہماری اجتماعی مہارت اور وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے ہم توانائی کی منتقلی کے عمل کو تیز کرینگے۔ سرسبز‘ صاف اور زیادہ خوشحال مستقبل تعمیر کرینگے۔ پانچ کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر 29مارچ کو جو دستخط ہوئے ہیں یہ مفاہمت کی دستاویز 2سال کیلئے موثر ہو گی جس میں تمام کمپنیوں کی باہمی رضا مندی سے توسیع کی جا سکے گی۔ توانائی کمپنیاں دیگر کنسلٹنٹس اور ایڈوائزرز کو مصروف عمل کر کے گرین ہائیڈروجن منصوبوں کے حصول کیلئے قیادت کریں گی۔ مفاہمت کی دستاویز پر جن پانچ بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے دستخط کئے ہیں اُن میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک‘ پاک عرب ریفائنری کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد محمود خان‘ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران عباسی‘ ایم پی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فہیم حیدر اور جی ایچ پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود نبی نے اپنی اپنی کمپنیوں کی طرف سے او جی ڈی سی ایل ہیڈ آفس اسلام آباد کی تقریب میں دستخط کئے۔ ایم او یو کے تحت او جی ڈی سی ایل‘ پارکو‘ پی پی ایل‘ ایم پی سی ایل اور جی ایچ پی ایل گرین انرجی پروگرام کیلئے مشترکہ منصوبوں پر غور کریں گی۔ یہ گیس کمپنیاں ہائیڈروجن منصوبوں کیلئے سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے مشترکہ فنڈ بھی قائم کریں گی۔ اس موقع پر سیکرٹری انرجی محمد محمود نے کہا کہ پہلے اقدام کے طور پر منصوبوں کے باضابطہ آغاز کیلئے فزبیلیٹی رپورٹ تیار کی جائیگی۔