کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگڈر ،خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

01 اپریل ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا نورس چورنگی پر ڈائنگ فیکٹری کی جانب سے راشن کی تقسیم کے دوران بھگڈر مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ راشن مقامی فیکٹری کی جانب سے مستحقین میں تقسیم کیا جا رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس جگہ راشن تقسیم کیا جارہا تھا وہاں کرنٹ لگنے کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔پولیس کے مطابق بھگدڑ کے دوران قریبی نالے کی دیواربھی گرگئی۔اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مفت راشن کی فراہمی سے آگاہ نہیں کیا تھا، راشن اور زکوٰۃ کی تقسیم کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ فیکٹری منیجر سمیت 3 افراد کو حراست میں لےلیا گیا ہے۔ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ کے دیگرافراد کو بھی حراست میں لیا جائے گا۔ واقعے کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔