سیاسی حالات اور عدلیہ میں تقسیم، ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا خطرہ

01 اپریل ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) ملک کے خطرناک سیاسی حالات اور عدلیہ کے اندر تقسیم کا یہ عمل اگر جاری رہتا ہے تو ملک میں بڑی ایمرجنسی کا نفاذ کرکے تمام سیاسی اکائیوں اور عدلیہ کے سسٹم کو جام کرنے کے لیے مقتدر حلقوں کی طرف سے سیاسی اکائیوں اور عدلیہ کے بڑوں کو باخبر کردیا ہے کہ ایک حد تک تو ایسے حالات کو دیکھا جاسکتا ہے لیکن اسے طویل وقت تک برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے، کہا جارہا ہے عدلیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی تقسیم سے عوام کے اندر مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں، گویا عدلیہ بھی اچھے فیصلے کرنے میں تقسیم کیوں ہے۔ ادھر سیاسی حالات اتنے خطرناک ہوگئے ہیں کہ کوئی کسی کو اب برداشت کرنے کی ضرورت ہی محسوس نیں کررہے ہیں، فوج کے خلاف نفرت پھیلانے کا عمل زور پکڑ رہا ہے، ملکی سیاست دان اس حوالے سے اپنے رویے پر قطعی شرمندہ نظر نہیں آرہے ہیں۔ مقتدر حلقوں نے تمام ذمہ دار سیاست دانوں اور عدلیہ کے بڑوں کو بھی کہہ دیا ہے کہ وہ ملک کو انتشار کی طرف اپنی پالیسیوں کی وجہ سے نہ لے جائیں، اگر یہ سلسلہ بڑھتا گیا تو مقتدر حلقے مجبور ہوں گے کہ وہ اپنا سخت رول ادا کریں، جس کی وجہ سے ملک خدانخواستہ کسی بڑے حادثے سے دوچار نہ ہوجائے۔