سپانسر شپ اور ریگولر حج سکیم کیلئے درخواستوں کی تاریخ میں توسیع

01 اپریل ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے سپانسر شپ سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کےلئے ایک ہفتہ جبکہ ریگولر حج سکیم کےلئے کل 2 اپریل تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی بینک ہفتے اوراتوارکوبھی حج درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق توسیع کا فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں مشکلات کو پیش نظر رکھ کرکیا گیا ہے۔ سمندر پار پاکستانی اگلے ہفتے 7 اپریل تک سپانسرشپ حج سکیم میں رقوم بھجوا سکیں گے۔ یہ رقوم وزارت مذہبی امور کے ڈالراکائونٹ میں بذریعہ ٹی ٹی یا وائر ٹرانسفر بھجوانا ہوگی۔بھجوائی گئی رقوم کی تصدیق اور پراسیس کےلئے درخواست گزار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں۔ سپانسر شپ سکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا جائے گا۔ خواہشمند حج درخواست گزارمزید معلومات کےلئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں۔وزارت مذہبی امور نے ریگولر حج درخواستوں کی وصولی میں بھی 2 اپریل تک توسیع کردی ہے۔