ضروریات زندگی کے اخراجات میں اضافہ انشورنس کے بوگس دعوئوں میں اضافے کا سبب ہے،زیورخ

01 اپریل ، 2023

لندن (پی اے) ضروریات زندگی کے اخراجات میں اضافہ کا چیلنج انشورنس کے بوگس دعوئوں میں اضافے کا سبب ہے۔ ایک بیمہ کار کمپنی نے 2022میں جائیداد سے متعلق دھوکہ پر مبنی دعوئوں میں 31فیصد اور پچھلے سال کے مقابلے میں جھوٹے جانی نقصان کے دعوئوں میں 7فیصد اضافے کا پتہ لگایا۔ زیورخ یو کے کی جانب سے جاری اعداد و شمارمیں مزید بتایا گیا ہے کہ اس نے عام طور پر پچھلے سال ہر روز تقریباً 200000 پونڈزکی مالیت کے فراڈ کو ناکام بنایا کیونکہ ضروریات زندگی کے اخراجات میں انتہائی اضافہ کے چیلنجز نے جعلی دعوئوں میں اضافہ کیا۔ مجموعی طور پر زیورخ نے گزشتہ سال دھوکہ دہی کے3460دعوئوں کو روکا، جن کی مالیت تقریباً 20000 پونڈز فی دعویٰ تھی۔ دھوکہ دہی کے ذریعے کلیمز کئے گئے تمام کیسز کی کل مالیت 71.5ملین پونڈزتھی، جس کی اوسط تقریباً 195890پونڈز یومیہ تھی لیکن بیمہ کنندہ نے کہا کہ جعلی وہپلیش کلیمز میں کمی نے موٹر سے متعلقہ فراڈ کی سطح کو نیچے لانے میں مدد کی ہے۔ زیورخ میں کلیمز فراڈ کے سربراہ سکاٹ کلیٹن نے کہا کہ گھرانوں کوضروریات زندگی کے اخراجات میں اضافہ کے بحران کی وجہ سے مالی دباؤ کا سامنا ہے اور بدقسمتی سے اس کی وجہ سے انشورنس فراڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ فراڈ کرنے والے اپنے طریقوں میں مسلسل ترقی کر رہے ہیں لیکن اب ہمارے پاس پہلے سے کہیں زیادہ دھوکہ دہی کا پتہ لگانے کے لئے زیادہ ٹولز موجود ہیں۔ فراڈ کے دعویداروں کو اپنے اعمال کے نتائج سے آگاہ ہونا چاہئے، جس میں پکڑے جانے والوں کے لئے مجرمانہ استغاثہ اور جیل کی سزائیں شامل ہوسکتی ہیں۔ زیورخ نے کہا کہ اس نے ایسے دھوکہ بازوں کو بے نقاب کرنے کے لئے نئے سافٹ ویئر میں سرمایہ کاری کی ہے جو جھوٹے نام یا پتے کی تفصیلات فراہم کر کے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کرتے ہیں اور گزشتہ سال اس نے دعوئوں کو سنبھالنے کے عمل کو تیز کرنے میں مدد کے لئے ریئل ٹائم فراڈ چیک شروع کئے تھے۔ سٹی آف لندن پولیس کے انشورنس فراڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ (آئی ایف ای ڈی) سے تعلق رکھنے والے سراغ رساں چیف انسپکٹر ٹام ہل نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمت نے ملک بھر میں بہت سے لوگوں کے لئے چیلنجزپیدا کئے ہیں لیکن جرائم کی طرف مائل ہونا کبھی بھی اس کا جواب نہیں ہے۔ بوگس بیمہ کا دعویٰ جمع کرانا ایک شکار کے بغیر جرم کی طرح لگتا ہے لیکن حقیقت میں یہ ہر ایک کے لئے پریمیم کی لاگت کو بڑھاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ آپ کو مجرمانہ ریکارڈ کے ساتھ منسلک کر سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن آف برٹش انشوررز (اے بی آئی) اس بارے میں بھی معلومات فراہم کرتی ہے کہ انشورنس لیتے وقت صارفین کو کن چیزوں پر غور کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ انشورنس کمپنی ایویوا نے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ مزید بوگس دعوئوں کی دھوکہ دہی کی توقع کر رہی ہے کیونکہ لوگ مالی دباؤ میں ہیں۔