حکومت کی الیکٹرانک سگریٹس بیچنے کی مشروط اجازت

01 اپریل ، 2023

کراچی(این این آئی)وزارت صحت نے عام سگریٹس کے بعد الیکٹرانک سگریٹس کے بھی مارکیٹ میں عام فروخت کی مشروط اجازت دے دی۔دوسری جانب طبی ماہرین نے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوبیکو ہیٹڈ پروڈکٹس بھی عام سگریٹس کی طرح ہی مضر صحت ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکٹرانک سگریٹ، سگار، وہیپ یعنی پاکٹ سائز شیشہ، اب سگریٹ پان کی دکانوں پر کھلے عام فروخت ہو سکیں گے جس کی وزارت صحت نے بھی مشروط اجازت دے دی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق تمباکو ہیٹڈ پروڈکٹس کیلئے ان کے 65فیصد حصے پر مضر صحت کی وارننگ شائع کرنا لازم قرار دی گئی ہے، فیصلہ تمباکو نوشی کی تمام اقسام کو ضابطے کے تحت لانے کیلئے کیا گیا ہے۔