سندھ ہائیکورٹ ،شانتی نگر میں غیر قانونی 5 منزلہ عمارت کیخلاف کارروائی کا حکم

09 اپریل ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے شانتی نگر گلشن اقبال میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ ہائی کورٹ میں شانتی نگر گلشن اقبال میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پلاٹ نمبر اے 59 بلاک 19 شانتی نگر میں گراونڈ پلس 5 منزلہ عمارت بنا لی گئی۔ ایس بی سی اے حکام عمارت کے مالک اعجاز شیخ کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔ دوران سماعت ایس بی سی اے نے جواب جمع کروا دیا۔ ایس بی سی اے حکام نے بتایا کہ شانتی نگر میں گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت بنانے کی اجازت نہیں۔ شانتی نگر گلشن اقبال میں بنائی گئی عمارت غیر قانونی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر عمارت غیر قانونی ہے تو کارروائی کی جائے۔ عدالت نے اینٹی انکروچمنٹ اور ایس بی سی اے سے 28 اپریل کے لیے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔