سی ٹی ڈی دہشت گردی کی جنگ میں ہراول دستہ ہے،آئی جی

09 اپریل ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کا ہراول دستہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ قوانین کے خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے اور کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز پنجاب کے دورے کے موقع پر دربار میں سی ٹی ڈی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور چوہنگ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ، کانسٹیبل عرفان اورہیڈکانسٹیبل احسان کی عیادت کی۔ آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکار کا ماتھا چوما اور عیادت کے دوران بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز لاہور صہیب اشرف، ایس پی صدر وقار کھرل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔