جی 20اجلاس کی تیاریاں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن تیز کردیا

09 اپریل ، 2023

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔بھارتی حکومت مقبوضہ جموںوکشمیر کے متنازعہ خطے میں مئی میں دنیا کی 20بڑی معیشتوں کی تنظیم جی- 20کا ایک ایونٹ منعقد کرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں بھارتی فوج ،جموں و کشمیر پولیس ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کو متحرک کر دیا گیا ہے فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں ۔ بھارتی وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)کی ایک اعلی سطحی ٹیم نے سرینگر کے دورے کے دوران علاقے میں تلاشی آپریشن تیز کرنے کے احکامات دیے ہیں ۔بھارتی وزارت داخلہ کی ٹیم نے سری نگر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ جی - 20 اجلاس سے ایک ہفتہ قبل سری نگر سات دن اور چوبیس گھنٹے سیکورٹی نیٹ میں آجائے گا بھارتی فوج ،جموں و کشمیر پولیس ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی اضافی نفری بھی تعینات ہوگی ۔ بھارتی وزارت داخلہ کی ٹیم کے جموں وکشمیر کے دورے کے بعد 15 اور 16 اپریل کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ابھی تج امرناتھ یاتراکے لیے ابھی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم اطلاعات ہیں کہ اس سال یاترا تقریبا 60 دن تک چل سکتی ہے جس کے لیے بھارتی وزارت داخلہ اضافی نیم فوجی دستوں کو تعینات کرے گی۔