ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے:ڈاکٹر عبدالمالک

09 اپریل ، 2023

اسلام آ باد(پی پی آ ئی) سربراہ نیشنل پارٹی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اس وقت ملک میں شدید سیاسی، معاشی اور قانونی بحران ہے، عدلیہ کو خود کو متنازع نہیں بنانا چاہئے تھا، چیف جسٹس فل بینچ بنا کر ملک کو بحران سے نکال سکتے تھے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے، ملک اس وقت شدید سیاسی، آئینی اور معاشی بحران میں مبتلا ہے، تمام ادارے بریک ڈاؤن میں چلے گئے ہیں۔ عدلیہ کو اپنے آپ کو متنازع نہیں بنانا چاہئے تھا، اگر یہ فیصلہ فل بینچ کے ذریعے آتا تو زیادہ قابل قبول ہوتا۔ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ بحران سے نکالنے والے لوگ سیاستدان ہوں یا عدلیہ آپس میں الجھے ہوئے ہیں، سیاستدان بمقابلہ سیاستدان، عدلیہ بمقابلہ عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ بمقابلہ اسٹیبلشمنٹ سب الجھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں استحکام نہیں آرہا۔نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عجیب صورتحال پیدا کردی گئی ہے، کوئی اصلاحات کیلئے تیار نہیں ہے، معاشی اصلاحات چاہتے ہیں لیکن کوئی بھی اپنا خرچہ کم کرنے کو تیار نہیں، ڈالر اور پیٹرول 300 روپے تک پہنچ گئے، 10 کلو آٹے کے تھیلے کیلئے روزانہ لوگ مررہے ہیں۔ اگر آئین کے تحت نہیں چلے تو تو 10 میثاق بھی لے آئیں کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان مینج کرکے آیا تھا، اس سے جو توقع کررہے تھے اس نے وہ نہیں کیا۔