سعودی آل الشریف دنیا کے بہترین موذن ، ایران کے یونس بہترین قاری قرار

09 اپریل ، 2023

ریاض (این این آئی) سعودی عرب میں سعودی جنرل اتھارٹی فار انٹرٹینمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کونسلر ترکی آل الشیخ نے عطر الکلام پروگرام کی آخری قسط میں20فاتحین کو12ملین ریال کے انعامات سے نواز ا گیا ۔ اذان کیٹگری میں سعودی محمد آل شریف سب سے آگے نکل گئے اور20لاکھ ریال کا انعام حاصل کیا۔ تلاوت کی کیٹگری میں پہلا انعام 30 لاکھ ریال تھا جو ایران کے یونس شاھمرادی نے حاصل کرلیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق قرآن و اذان کے اس مقابلے نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 6 ریکارڈ قائم کیے۔ پہلا ریکارڈ یہ تھا کہ یہ ملکوں کی تعداد کے اعتبار سے قران اور دوسرا اذان کی کیٹگری میں سب سے بڑا مقابلہ تھا۔ تیسرا یہ شرکت کرنے والوں کی تعداد کے اعتبار سے تلاوت کا،چوتھا یہ شرکا کی تعداد کے اعتبار سے اذان کا سب سے بڑا مقابلہ تھا۔ پانچواں ریکارڈ یہ تھا کہ اپنے انعام کے اعتبار سے تلاوت قرآن کا سب سے بڑا مسابقہ تھا اور چھٹا ریکارڈ یہ کہ انعام کو مد نظر رکھ کر یہ اذان کا بھی سب سے بڑا مسابقہ تھا ۔ تلاوت میں سعودی عبد العزیز الفقیہ نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے 20 لاکھ ریال، مراکش کے زکریا الزریک نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے 10 لاکھ ریال، مراکش کے ہی عبد اللہ الدغری نے چوتھی پوزیشن پر آکر 7 لاکھ ریال انعام پایا۔اذان میں پہلا مقام سعودی محمد آل الشریف نے 20 لاکھ ریال انعام کے ساتھ جیتا۔ دوسرا انڈونیشیا کے ضیا الدین بن نزار الدین نے اور 10 لاکھ ریال کی رقم وصول کرلی ۔ تیسرا فاتح رھیف الحاج نے 5 لاکھ ریال بطور انعام حاصل کرلیے۔ برطانوی ابراہیم اسد نے چوتھی پوزیشن حاصل کی اور ساتھ ہی 300 ہزار ریال بھی جیت لیے۔مسابقہ میں قرآن اور اذان کی کیٹگری کے پہلے دس دس شرکا کو انعامات دئیے گئے ۔