کےپی بارکونسل نے چیف جسٹس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

09 اپریل ، 2023

پشاور(نیوزرپورٹر)خیبرپختونخوا بارکونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطاء بندیال کی سپریم کورٹ میں آمرانہ انداز پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ، بارکونسل نے قراردیا کہ جسٹس اطہر من اللہ کے عدالتی حکم سے واضح ہوگیا کہ کیس 4اور3کی اکثریت سے فیصلہ ہوا تھا مگر چیف جسٹس نے اپنی اناکی تسکین کی خاطر غلط بیانی سے کام لیااورعدالتی نظام کو داغدار کیا۔ اس ضمن میں جاری کردہ بیان میں بارکونسل کے وائس چیئرمین زربادشاہ خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں آمرانہ انداز اپنا کر نہ صرف جوڈیشل سسٹم کو داغدار بنایا بلکہ جوڈیشل ضابطہ اخلاق اور اپنے حلف کی بھی خلاف ورزی کی ہے ۔ جسٹس اطہر من اللہ کے عدالتی حکم سے واضح ہوگیا ہے کہ کیس اکثریت سے فیصلہ ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بارکونسل نے جسٹس مظاہر علی نقوی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کی ہے مگرپھربھی انہیں اپنی مرضی کے بنچز میں بٹھایا جاتا ہے اور بینچوں کی تشکیل میں بھی سینئر ججز کو نظرانداز کیاجاتا ہے جو ۔ ، پشاورہائیکورٹ سے کسی جج کو سپریم کورٹ میں نامزد نہ کرنا اور اب چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کی مستقلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس نہ بلانا خیبرپختونخوا کے ساتھ جان بوجھ کر زیادتی کی جارہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس عمرعطاءبندیال کیخلاف ریفرنس دائر کرے ۔ کے پی بار کونسل نے اس سلسلے میں 12 اپریل کو وکلاءنمائندوں کا اجلاس بارکونسل کے دفتر میں طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔