فٹ پاتھ پر پڑے نشے کے عادی افراد کورہیب سینٹر منتقل کرنے کی ہدایت

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہےکہ پوٹھوہار رہیب سینٹر واہ جنرل ہسپتال مفاد عامہ کا ایسا پراجیکٹ ہے جس سے ڈویژن بھر کے لوگ مستفید ہوں گے۔ اس ہسپتال میں قائم ہونے والے 50 بستروں کے سینٹر میں نشے سے عادی افراد کا بہترین علاج معالجہ کیا جائے گا۔ رہیب سینٹر میں نشے سے عادی افراد کی سکیورٹی کا مکمل بندوبست، ان کے رہنے، کھانے پینے اور کپڑوں کے انتظام اور علاج کے ساتھ ساتھ سائیکاٹرسٹ کا بندو بست بھی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اضلاع میں ایسے رہیب سینٹرز بنائے جائیں جہاں لوگوں کو پرا ئیویٹ سینٹرز کی مہنگی فیسوں سے بچاکر معیاری علاج فراہم کیا جائے، راولپنڈی ضلع اس سلسلے میں سب سے اولین ہے جہاں یہ سینٹر قائم ہو چکا ہے اور آئندہ سوموار سے مکمل فعال بھی ہوگا۔ لیاقت علی چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ مری روڈ میں جگہ جگہ فٹ پاتھ پر پڑے نشے کے عادی افراد کورہیب سینٹر میں منتقل کیا جائے تاکہ ان کے جسمانی و دماغی علاج کے ذریعے انہیں صحت مند زندگی کی طرف را غب کیا جائے، کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سید نذارت علی، اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا، ایم ایس واہ جنرل ہسپتال، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انصر ڈائریکٹر کالجز شیر احمد ستی و دیگر متعلقہ افسرا ن نے شر کت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ہمیں لوگوں میں یہ احسا س جگانا ہوگا کہ نشہ آور اشیاء کس طر ح زند گی کو تباہ کر تی ہیں ۔