محتسب پنجاب ریجنل آفس کا تین ماہ میں 177شکایات میں سے 114 کافیصلہ

09 اپریل ، 2023

چکوال(نمائندہ جنگ)محتسب پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان کے احکامات پر چکوال کے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہوئے اور مختلف ا مور میں انہیں مطلوبہ ریلیف مہیا کیا گیا۔ اس ضمن میں 2023 ء کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کنسلٹنٹ محتسب پنجاب ریجنل آفس چکوال نے بتایا کہ یکم جنوری 2023 ء سے 31 مارچ تک 177شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 114شکایات پر فیصلہ کیا گیا اور 63 شکایات زیرِ کارروائی ہیں۔ ان شکایات پر فیصلوں کے نتیجہ میں چکوال کے عوام کو 72,33,850 روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔علاوہ ازیں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن چکوال سے دو لوگوں کے پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ میں درستگی کروائی گئی اور ایک کے غیر قانونی ٹیکس کی منسوخی کروائی گئی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ محتسب پنجاب میں شکایت درج کروانے کے لئے کسی قسم کی فیس،وکیل اور سٹامپ پیپر کی ضرورت نہیں ہے۔ محض سادہ کاغذ پر شکایت درج کر کے شناختی کارڈ اور حلف نامہ کہ مذکورہ شکایت کسی عدالت میں زیر التواء نہیں ہے شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔علاوہ ازیں ہیلپ لائن نمبر1050پر کال اور ویب سائٹ (www.ombudsmanpunjab.gov .pk) اوربذریعہ موبائل ایپ ombudsman پنجاب ، فیس بک پیج ( www.face book.com/obd.punjab)بھی وزٹ کر سکتے ہیں۔