فتح و کامرانی کیلئے وسائل نہیں ،جذبہ اور ایمان قوت ہے،علامہ بشارت امامی

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) یوم غزوہ بدر یوم فرقان کے طور پر منایا گیا۔اس موقع پر مساجد و امامبارگاہوں میں دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔ ٹی این ایف جے کی ضلعی کمیٹی کے زیر اہتمام جامع مسجدو امام بارگاہ قصرخدیجۃ الکبریٰ ترلائی کلاں میں یوم فرقان کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ حق و باطل کے درمیان ایمان افروز معرکہ بدر کی یاد آج صدیوں بعد بھی مسلمانوں کے ایمان کو تازہ کردیتی ہے جو امت مسلمہ کیلئے پیغام ہے کہ فتح و کامرانی کیلئے سامان و وسائل نہیں بلکہ جذبہ اور ایمان سب سے بڑی قوت ہے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کا یوم شہادت (19تا21رمضان ) عقیدت و احترام کیساتھ منایاجائیگا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ و ہ ملک بھرمیں شہادت امیرالمومینن حضرت علی کے ماتمی جلوسوں، مجالس میں خصوصی انتظامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی کہ مسلمان آج وہی جوش جذبہ اور ولولہ پیدا کریں جو میدان بدر میں تھا تو باطل کی تمام قوتیں آج مسلمانوں کے سامنے سرنگوں ہوجائیں گی ۔